بریکنگ نیوز

منگل، 6 اکتوبر 2026ء

E-Paper


چیئرمین سی ڈی اے کا فیصل مسجد کا دورہ، جامع تزئین و آرائش، سہولیات کی بہتری، خوبصورتی،سیاحوں اور زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)سہیل اشرف نے اسلام آباد کی عظیم الشان اور نمایاں تاریخی و مذہبی شناخت، فیصل مسجد کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش، بحالی، اپ گریڈیشن اور دیگر بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ فیصل مسجد پاکستان کے تعمیراتی ورثے اور روحانی تشخص کی ایک اہم علامت ہے۔اس موقع پر ممبر بلڈنگ، ڈی جی سروسز، ڈی جی ای اینڈ ایم، سی ڈی اے، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایم سی آئی اور سی ڈی اے، نیسپاک اور ای ایس سی پی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاموں میں اعلی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور مسجد کے موجودہ انفراسٹرکچر اور سہولیات کو جامع انداز میں بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے اقدامات کا مقصد نہ صرف مسجد کی تعمیراتی عظمت کو برقرار رکھنا ہے بلکہ نمازیوں، سیاحوں اور دیگر زائرین کے آرام، سہولت اور مجموعی تجربے کو بھی بہتر بنانا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ مسجد میں ضروری مرمت کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں، موجودہ سہولیات کی دیکھ بھال بہتر بنائی جائے، کینٹین اور دیگر تمام ضروری سہولیات کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے بالخصوص عوامی سہولیات کی اپ گریڈیشن، صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات میں بہتری، راستوں اور اطراف کے علاقوں کی مناسب دیکھ بھال اور زائرین کے لیے کینٹین کی مناسب سہولت یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل مسجد آنے والے نمازیوں اور سیاحوں کو صاف ستھری، آرام دہ اور منظم سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے مسجد کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے لینڈ اسکیپنگ، شجرکاری، سبزہ زاروں کی بہتری، مناسب دیکھ بھال اور مجموعی ماحول کو خوشگوار اور منظم بنانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے اطراف صفائی اور ستھرائی کو مزید بہتر بنایا جائے، جو اس کے منفرد طرزِ تعمیر اور روحانی اہمیت سے ہم آہنگ ہو۔فیصل مسجد کی مذہبی، ثقافتی اور سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس تاریخی قومی ورثے کی دیکھ بھال اور بہتری اس کے تقدس، وقار اور عظمت کے شایانِ شان ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تزئین و آرائش، مرمت اور خوبصورتی کے تمام کام انتہائی احتیاط اور ذمہ داری سے انجام دیے جائیں تاکہ مسجد کے منفرد طرزِ تعمیر اور تاریخی شناخت کو محفوظ رکھتے ہوئے موجودہ سہولیات کو نمازیوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے مطابق بہتر بنایا جا سکے۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کاموں کی بروقت تکمیل، معیار کی مسلسل نگرانی اور پائیدار دیکھ بھال کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں، نیسپاک اور ای ایس سی پی کے درمیان مثر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کاموں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام سہولیات فعال، قابلِ رسائی اور مناسب طور پر برقرار رہیں۔* چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ فیصل مسجد کے تعمیراتی اور روحانی ورثے کا تحفظ، عوامی سہولیات میں بہتری، زائرین کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنا اور مجموعی ماحول کو خوبصورت بنانا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فیصل مسجد کی تزئین و آرائش، اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کے اقدامات اس انداز میں مکمل کیے جائیں کہ نمازیوں اور سیاحوں کو ایک باوقار، پرسکون اور آرام دہ ماحول میسر آئے، جو پاکستان کے اس عظیم اور قابلِ فخر قومی ورثے کی اہمیت کے عین مطابق ہو۔*

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے