
راولپنڈی(سٹی رپورٹر/عمر سجاد) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام نصیر آباد میں کھلی کچہری کا انعقادسی ای او عامر رشید نے شہریوں کے مسائل سنے، متعلقہ افسران کو فوری حل کے لیے ہدایات جاریراولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام گزشتہ روز وارڈ نمبر 10، نصیر آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں سی ای او راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ کھلی کچہری میں وائس پریزیڈنٹ ملک منیراحمد، سابق کنٹونمنٹ بورڈ ممبران، چیف کینٹ انجینئر عتیق الرحمن، اسسٹنٹ کینٹ انجینئر نوید حسین، سیکرٹری کنٹونمنٹ بورڈ عمران حبیب سمیت مختلف برانچوں کے سربراہان نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے واٹر سپلائی، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر شہری مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور درخواستیں پیش کیں۔ اس موقع پر سی ای او عامر رشید نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے، جبکہ بعض شکایات کو موقع پر ہی حل کرنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔سی ای او عامر رشید نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا بنیادی مقصد اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا، کنٹونمنٹ انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید مثر بنانا اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت ازالہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کھلی کچہری میں سابق کنٹونمنٹ بورڈ ممبران نے بھی شرکت کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ شہریوں نے کنٹونمنٹ انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی شکایات کے حل کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں گے۔مزید برآں، شہریوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے علاقے میں جاری ترقیاتی و عوامی فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کنٹونمنٹ انتظامیہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور شہری مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔



















جواب دیں